مہ جبین قزلباش وینٹی لیٹر پر،اعلان کردہ حکومتی امداد نہ مل سکی

February 21, 2020

پشاور (ایجنسیاں) معروف پشتو گلوکارہ مہ جبین قزلباش جو لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں گزشتہ دو ماہ سے وینٹی لیٹر پر ہیں کو اب تک حکومتی امداد نہ مل سکی۔ذرائع کے مطابق معروف گلوکارہ مہ جبین قزلباش کو دل کے دورے کے باعث یکم جنوری کواسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کو جنرل آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے۔ بیمار گلوکارہ بدستور تشویش ناک حالت میں ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق گلوکارہ کو بستر پر پڑے پڑے جسم پر زخم ہونے لگے ہیں جس سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گلوکارہ کے بارے میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ مریضہ کو روزانہ کی بنیاد پر دو گھنٹے ٹرائل پر رکھا جاتا ہے جس میں ان کا وینٹی لیٹر ہٹادیا جاتا ہے، تاہم بتایا جارہا ہے کہ وینٹی لیٹر کے بغیر زیادہ دیر مریض کو نہیں رکھا جا سکتا ۔حکومت کی جانب سے وزیر اعلی کے مشیر اجمل وزیر نے اب تک دو لاکھ روپے گلوکارہ کے لواحقین کو دئیے ہیں تاہم سابق سینئر وزیر عاطف خان کے اعلان کردہ5لاکھ روپے تاحال گلوکارہ کو نہیں مل سکے ہیں۔