پیپلز پارٹی آئین کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے، پارٹی رہنما

February 23, 2020

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) آئین پارلیمنٹری ہو یا جماعتی پاکستان پیپلزپارٹی آئین کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے۔ شہید جمہوریت بینظیر بھٹو نے اپنی جلاوطنی کے دور میں برطانیہ کے جس شہر میں فنکشن کرتیں اس شہر کی برانچ کے صدر سمیت دیگر آفس بیئرر کو اعتماد میں لے کر کرتیں جس سے نہ صرف کارکنوں کی حوصلہ افزائی ہوتی بلکہ پارٹی میں نظم و ضبط قائم ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی مڈلینڈ کے صدر چوہدری شاہ نواز، پی پی برمنگھم کے صدر قیوم راجہ، جنرل سیکرٹری ارشاد عزیز، سینئر نائب صدر پی پی مڈلینڈ مرزا اختر محمود نے روزنامہ جنگ گفتگو میں کیا۔ چوہدری شاہ نواز نے مزید کہا کہ جس طرح پی پی مڈلینڈ اور برمنگھم کو نظرانداز کرکے چند لوگوں کو اکھٹے کرکے پروگرام کیا گیا یہ پارٹی کے آئین کے خلاف ہے اور مشکل وقت میں پارٹی کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے۔ صدر پی پی برطانیہ محسن باری اپنے دورہ پاکستان سے واپس آچکے ہیں۔ جنرل سیکرٹری کونسلر اظہر اقبال بڑالوی بھی والدہ کی تدفین کے بعد واپس برطانیہ پہنچ چکے ہیں ان سے اپیل ہے کہ پارتی کو تقسیم کرنے والے عہدیداروں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ سینئر نائب صدر پی پی مڈلینڈ مرزا اختر محمود کا کہنا تھا اس وقت پارٹی کو تقسیم نہیں مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان قائد بلاول بھٹو پر اعتماد انداز میں نمائندگی کرسکیں۔ سیکرٹری جنرل پی پی برمنگھم چوہدری ارشاد عزیز نے کہا کہ پاکستانی عوام کی نظریں ایک بار پھر پاکستان پیپلزپارٹی پر مرکوز ہیں۔ صدر پی پی قیوم راجہ برمنگھم کا کہنا تھا کہ محسن باری برطانیہ کے مرکزی صدر ہیں۔ سالانہ پارٹی اجلاس میں طے پایا تھا کہ ذیلی تنظیمیں مرکزی باڈی کے ساتھ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ذیلی تنظیموں کو کمزور کرنے سے پارٹی کمزور ہوتی ہے۔ مقامی برانچ کو اعتماد میں لئے بغیر کوئی بھی فنکشن پارٹی آئین کی خلاف ورزی ہوگا۔