تعصب پر مبنی اسکالر شپ پروگرام قابل مذمت ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

February 24, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت سندھ کے ادارے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے تعصب پر مبنی اسکالر شپ پروگرام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کراچی کے شہریوں سے حق تلفی پر مبنی اقدام واپس نہ لیا گیا تو جماعت اسلامی بھرپور احتجاج اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی،انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی جانب سے تعصب پر مبنی پالیسی کا بھانڈا سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اسکالر شپ کے اشتہارنے کھول دیاہے،کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع کو فوری طور پر اسکالر شپ پروگرام میں شامل کرتے ہوئے کراچی ضلع جنوبی،غربی،شرقی،وسطی،کورنگی اور ملیر کے طلبہ کو بھی اسکالر شپ کے حصول کے لیے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں،تفریق سے محرومی اور صوبائی انتشار پھیلے گا،انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کے ہونہار اور قابل بچوں کو نظر انداز کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں،انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ اسکالر شپ پروگرام میں کراچی کے طلبہ و طالبات کو درخواستیں دینے کا موقع دیا جائے۔