حکومت مہنگائی خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے‘ فائزہ رشید

February 24, 2020

پشاور (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی سینئر رہنما و سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر فائزہ رشید نے حکومت کی جانب سے مہنگائی پر قابو نہ پانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا، یہ شرح 14.6فیصد رہی، دسمبر 2019ء میں مہنگائی کی شرح 12.6فیصد تھی جبکہ جنوری 2019ء میں 5.6فیصد تھی، رپورٹ کے مطابق صرف ایک ماہ میں ہی اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، دال مونگ 19.74فیصد، دال ماش 10.3فیصد مہنگی ہوئی، دال چنا 18فیصد، مرغی 17.3فیصد اور گندم کی قیمت میں 12.63 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو سبز باغات دکھانے کے بجائے عملی طور پر اقدامات اٹھائے۔انہوں نے دھمکی دی کہ اگر حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات نہ اٹھائے تو پیپلز پارٹی اس کے خلاف بھر پور احتجاجی تحریک چلانے سے گریز نہیں کرے گی۔