پاکستان دوست، دہشت گردوں کیخلاف کردار مثبت، تعلقات میں بڑی پیش رفت کے آثار دیکھتا ہوں، امید ہے خطے میں کشیدگی کم ہوگی، امریکی صدر ٹرمپ کا مودی کے سامنے خطاب

February 25, 2020

پاکستان اچھا دوست ہے جس کا دہشتگردی کیخلاف کردار مثبت ہے،امریکی صدر

احمد آباد ، گجرات (نیوز ایجنسیز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پہنچتے ہی احمد آباد گجرات میں سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں نریندر مودی کے سامنے نمستے ٹرمپ ریلی سے خطاب کرکے بھارتیوں کو حیران کردیا ، سامعین میں بے چینی پھیل گئی جبکہ پرجوش نعرے لگانے والے چپ ہوگئے اور سناٹا چھا گیا۔

صدر ٹرمپ نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اچھا دوست ہے جس کا دہشتگردی کیخلاف کردار مثبت ہے ، تعلقات میں بڑی پیشرفت کے آثار دیکھتا ہوں، امید ہے خطے میں کشیدگی کم ہوگی، پاکستان کے ساتھ بہت مثبت انداز میں کام کررہےہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ہمارے دلوں میں ایک خصوصی جگہ رکھتا ہے، امریکا ہمیشہ بھارتیوں کا مخلص اور وفا دار دوست رہے گا، سرحدوں کا تحفظ ہر ملک کا حق ہے۔

ʼامریکا اور بھارت دہشت گردوں کو روکنے اور ان کے نظریئے سے لڑنے کیلئے پرعزم ہیں، اسی وجہ سے جب سے دفتر سنبھالا ہے میری انتظامیہ پاکستانی سرحد سے آپریٹ ہونے والی دہشت گرد تنظیموں اور عسکریت پسندوں کیخلاف کارروائی کیلئے پاکستان کے ساتھ بہت مثبت انداز میں کام کر رہی ہے۔ساتھ ہی صدر ٹرمپ نے 3؍ ارب ڈالر (تقریباً 470 پاکستان ارب روپے) کے دفاعی معاہدے، خلائی شعبے میں تعاون اور جدید ترین خطرناک ہتھیار دینے کا اعلان کیا جس پر آج (منگل کو) دستخط کئے جائیں گے ۔

ریلی سےخطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت اور امریکاکے تعلقات کی نئی تاریخ رقم کررہے ہیں ۔

ادھر امریکا اور بھارت میں تجارتی سمجھوتے کی بھی تیاریاں جاری ہیں۔ امریکا بھارت دفاع معاہدے کے تحت بھارت اپنی بحریہ کیلئے 24عدد ایم ایچ 60ہیلی کاپٹر جبکہ آرمی کیلئے 6عدد اے ایچ 64ای ہیلی کاپٹر خریدے گا۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز امریکی صدر ڈونلڈ دو روزہ دورے پر بھارت کے شہر احمد آباد پہنچے جہاں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ان کا استقبال کیا تھا اور گلدستہ پیش کرتے ہوئے گلے لگایا۔

امریکی صدر کے ساتھ انکی اہلیہ میلانیا ٹرمپ، صاحبزادی اور وائٹ ہاؤس کی ایڈوائزر ایوانکا ٹرمپ اور ان کے داماد جیرڈ کشنر تھے۔ ائیرپورٹ سے انہیں مہاتما گاندھی کی رہائش گاہ سابرماتی آشرم لے جایا گیا۔

آشرم کے دورے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ احمد آباد دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم پہنچے جہاں ’نمستے ٹرمپ‘ کی تقریب میں شرکت کی۔

اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے زائد افراد موجود تھے۔ ریلی سے خطاب میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کی ان کے دل میں خاص جگہ ہے وہ پرتپاک استقبال کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

تاہم ٹرمپ نے احمد آباد گجرات میں بڑی عوامی ریلی سے پاکستان کی تعریف پر مبنی خطاب کرکے نریندر مودی اور شرکائے ریلی کو پریشان کر دیا، اپنی تقاریر میں امریکی صدر نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان ہمارا اچھا دوست ہے اور ہمارے تعلقات شاندار ہیں،اسلام آباد دہشت گردی کے خلاف مثبت کام کر رہا ہے۔

پاکستان کیساتھ معاملات میں پیشرفت کے آثار واضح ہیں ، کشیدگی میں کمی،جنوبی ایشیا کی تمام اقوام کے بہتر مستقبل کیلئے پُرامید ہیں،ان کی تقریر سن کر ریلی کے شرکا پر سناٹا چھا گیا اور ان کے حق میں نعرے بازی کرنے والے پر جوش بھارتی چپ ہو گئے تاہم امریکی صدر نے بھارت کیساتھ 3؍ ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے اور خلائی شعبے میں تعاون بڑھانے کا اعلان بھی کیا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں جن میں ترقی ہو رہی ہے، ان کوششوں کی بدولت پاکستان کے ساتھ پیش رفت کے اشارے نظر آنے شروع ہوگئے ہیں، ہم جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم ہونے، استحکام میں اضافے اور مستقبل میں ہم آہنگی کیلئے پر امید ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور بھارت اسلامی انتہا پسندی اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں اکٹھے ہیں، میری حکومت نے داعش کے خلاف پوری فوجی طاقت سے کارروائی کی جس کے نتیجے میں اس کی خلافت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے، تاہم امریکی صدر نے اپنے خطاب میں بھارت میں شہریت ترمیمی قانون پر ہونے والے احتجاج پر کوئی بات نہیں کی۔

دوران خطاب امریکی صدر نے کہا کہ ʼپورے کرہ ارض کے لوگ بھارتی فلمیں، بھنگڑا اور کلاسیکل فلمیں جیسے دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور شعلے دیکھ کر بہت لطف اندوز ہوتے ہیں، آپ سچن ٹنڈولکر اور ویرات کوہلی جیسے عظیم کرکٹرز سے خوش ہوتے ہیں۔

امریکی صدر نے بھارت کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس دنیا کے بہترین ہتھیار موجود ہیں اور بھارت کے ساتھ دفاعی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے ہم اسے دنیا کے خطرناک ترین ہتھیار دیں گے، بھارت کی شاندار میزبانی کو ہمیشہ یاد رکھوں گا، ہمارے دلوں میں بھارتیوں کے لیے خصوصی جگہ ہے۔

امریکی صدر نے بھارت کی مذہبی ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہندو، مسلمان، سکھ، جین اور عیسائی اپنے اپنے مذہب کی عبادت کرتے ہیں، آپ ایک قوم کی طرح ہمیشہ مضبوط بن کر رہے، بھارت غیر معمولی طور پر بہت متنوع ملک ہے جو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے اور اس کے عوام بہت معزز اور مضبوط ہیں۔

علاوہ ازیں اس تقریب سے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ موترا اسٹیڈیم میں تاریخ رقم کی جارہی ہے، ساتھ ہی انہوں نے 5 ماہ قبل دورہ امریکا میں ہوسٹن میں ہونے والی ʼہاؤڈی مودی ریلی کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں اپنے دورے کا آغاز احمد آباد میں ʼنمستے ٹرمپ نام کی ریلی سے کردیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے بھارتی دورے کے دوران احمد آباد میں 14 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ جہاں جہاں امریکی صدر جائیں گے، ان علاقوں کی خصوصی صفائی بھی کرائی گئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے راستوں میں بسی کچی آبادیوں کو بھی پہلے سے ہی خالی کرالیا گیا تھا جبکہ امریکی صدر کے دورے کو یادگار بنانے کے لیے ہر 10 میٹر پر انہیں خوش آمدید کہنے کے بینر آویزاں کیے گئے ہیں۔