حکومت زائرین کی زیارتوں پر پابندی نہیں لگا رہی ، نور الحق قادری

February 25, 2020

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا کہ حکومت پاکستان قطعی طور پر زائرین کی زیارتوں پر پابندی نہیں لگا رہی ہے۔انہوں نے یہ بات ایران میں کرونا وائرس کا معاملہ پر غور کیلئے بلا ئے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ وفاقی وزیرپیر نور الحق قادری کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں ڈاکٹر ظفر الطاف، معاون خصوصی صحت ظفر مرزا، سیکرٹری مذہبی امور میاں محمد مشتاق بورانہ، شیعہ علماء، شیعہ وفاق المدارس کے نمائندگان ودیگر نے شرکت کی۔ چین کے بعد ہمسایہ ملک ایران میں کرونا وائرس کی اطلاعات کے باعث پاکستانی زائرین کو وبا سے بچاؤ، احتیاطی اقدامات، اور سفری ہدایات سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کے آخر میں علامہ عارف واحدی، مفتی کفایت حسین نقوی، ڈاکٹر محمد حسین اکبر، سید نجم عباس نقوی، ڈاکٹر غضنفر مہدی و دیگر اور زیارات منتظمین کی موجودگی میں پیر نور الحق قادری نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ فی الحال کوشش ہے کہ زائرین اور تجارت کیلئے سفر کو کم سے کم کیا جائے۔ ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد کو مد نظر رکھا جائے،حکومت کی جانب سے لئے گئے اقدامات پر تمام علماء کرام کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔،علما کرام اور مشائخ اپنی مجالس، خطابات اور بیانات میں لوگوں کو تعلیم دیں، لوگوں کو شرعی پہلو سے آگاہ کیا جائے،ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھ کر قومی مفاد کو مد نظر رکھا جائے۔ نور الحق قادری نے کہا کہ ایران کے سفر کیلئے پالیسی تیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے حکام، محکمہ صحت، ایرانی دفتر خارجہ اور علمی مراکز سے رابطہ میں ہیں۔ پیر نور الحق قادری نے کہا کہ امید ہے جلد اس وبا پر قابو پالیا جائیگا۔