اورنج لائن پر سال میں 12ارب 72 کروڑ روپے سبسڈی کا تخمینہ

February 25, 2020

لاہور(خصوصی رپورٹر) اورنج لائن میٹروٹرین کے آپریشنل ہونے پر آئندہ 20 سالوں میں سبسڈی کی مد میں پنجاب حکومت ایک کھرب 93 ارب55 کروڑ 68لاکھ58 ہزار3 سو 97 روپے ادا کرے گی، پنجاب حکومت نے 20 سالہ سبسڈی رپورٹ تیار کر لی،ذرائع کا کہنا ہے کہ اورنج لائن میٹروٹرین کے آپریشنل ہونے کی صورت میں 2040 تک کی تیار کی سبسڈی سے متعلق رپورٹ پر حکومتی ذمہ دارپریشان ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے موجودہ سال میں 12ارب 72 کروڑ روپے سبسڈی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔2021 سے 2040 تک ہر سال میٹرو اورنج ٹرین پر9ارب51 کروڑ روپے سے زائد کی سبسڈی دینا پڑے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ30روپےکے مطابق 20سالہ تخمینہ کی تیار کی گئی ہے۔ پنجاب حکومت 2ہزار 24 سے2 ہزار36 تک میٹرو اورنج ٹرین منصوبے کا قرض ادا کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق حکومت نے اورنج لائن ٹرین کا معاہدہ پبلک نہیں کیا تھا۔ جبکہ بعض ذرائع کا یہ بھی کہنا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق اورنج لائن ٹرین پر 3 کھرب روپے سے زائد رقم اب تک خرچ ہو چکی ہے۔