ملک سیاسی ، معاشی اور سماجی بحرانوں سے دوچار ہے ، لیاقت بلوچ

February 26, 2020

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت ناکام ہوچکی ہے، پنجاب جتنا بڑا صوبہ ہے یہاں اتنا ہی بڑا عجوبہ ہے ،قوم جان گئی ہے کہ ان تلوں میں تیل نہیں ، ملک سیاسی ، معاشی اور سماجی بحرانوں سے دوچار ہے ، حکومت اور اپوزیشن مصلحتوں کا شکار ہیں ۔ اپوزیشن ہر اہم موقع پر حکومت کے ساتھ مل جاتی ہے اپنے مفادات کیلئے یہ پورے نظام کو تہ و بالا کر رہے ہیں ۔ حکومت اور اپوزیشن مل کر احتساب کے نظام کو ختم کرنا چاہتی ہیں ۔ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ عوام نے ماضی کی حکومتوں کی ناکامی کی وجہ سے عمران خان حکومت کو تسلیم کیا لیکن پی ٹی آئی حکومت سے لگائی گئی تمام امیدیں اور توقعات دم توڑ چکی ہیں ۔ مایوسی اور ناامیدی نے ہر طرف ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔ آئی ایم ایف نے ملک کے پورے معاشی نظام پر قبضہ کر رکھاہے ۔ حکومت خود مختاری کے باعزت راستے کی طرف آنے کو تیار نہیں ۔ وفاقی حکومت چند ووٹوں کے سہارے پر کھڑی ہے حکومتی اتحادی آپس میں گتھم گتھا ہیں ۔ خود حکومتی پارٹی کے اندر بغاوت ابھر رہی ہے اور وزراءوزیراعظم کی کسی بات کو درخور اعتنا نہیں سمجھتے ۔