کورونا کی روک تھام کے لیے تیاری مکمل ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

February 26, 2020

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، طب کی اخلاقیات میں مریض کی معلومات شیئر نہیں کی جاتیں۔ کورونا کی روک تھام کے لیے تیاری مکمل ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بدھ کی شب پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مریض سے متعلق معلومات کو پھیلانے سے گریز کیا جائے، ایک مریض کی تشخیص سندھ اور دوسرے کی وفاقی علاقے میں ہوئی ہے۔

دونوں کیسز کا تعلق ایران کے سفر کے ساتھ ہے، ہمیں بلاضرورت پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، موجودہ صورتحال میں ہمیں احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اگر کوئی چین یا ایران کا سفر کرچکا ہے اور علامات پائی جاتی ہیں تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔

انھوں نے کہا کہ علامات کی صورت میں ہماری ہیلپ لائن 1166 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے، ایک ماہ میں جو اقدامات کیے امید ہے کہ کورونا کا مسئلہ زیادہ نہیں ہوگا۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام اور تدارک کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے، کل ہم تفتان جارہے ہیں اور ایک ایک چیز پر حکومت کی نظر ہے، مریضوں کو ڈھونڈنے کی کوشش نہ کریں، غلط خبریں نہ پھیلائیں۔