مسئلہ کشمیر کے اصل فریق خود کشمیری ہیں،ذوالفقار احمد

February 27, 2020

لوٹن (نمائندہ جنگ) چئیرمین پیپلز نیشنل الائنس ذوالفقار احمد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گلگت و بلتستان اور آزاکشمیر پر مشتمل دستور ساز اسمبلی کا قیام عمل میں لایا جائے، اس سے کشمیری لیڈرشپ زیادہ بہتر طور پر مسئلہ کشمیر خود اجاگر کرسکے گی وہ بروز اتوار وارک روڈ پر واقع ہال میں اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب پر مہمان خصوصی کے طور پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی ریاست کی اپنی ایک تاریخی حیثیت ہے یہ ریاست بھارت اور پاکستان کے قیام سے بھی قبل آزاد و خودمختار رہی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر پر کسی بھی مذاکراتی عمل میں خود کشمیری نمائندوں کی شمولیت ازحد ضروری ہے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے ا صل فریق خود کشمیری ہیں ۔ تقریب سے لوٹن کونسلرز راجہ محمد اسلم خان ،راجہ وحید اکبر اور آصف مسعود کے علاوہ قوم پرست کشمیریوں عباس بٹ اور زاکر حسین نے بھی خطاب کیا۔ صدارت منور خان اور نظامت ساجد شاہین نے کی۔شرکاء میں مسلم کانفرنس برطانیہ کے سابق جنرل سیکرٹری سابق برمنگھم کونسلر ماسٹر راجہ سلیمان ، اور سابق صدر لبریشن لیگ لوٹن چوہدری اسلم شامل تھے۔ اس موقع پر بعض کشمیری مورخین اور مصنفین کا لٹریچر ،اور کشمیر پر دیگر تحریری مواد پر ایک سٹال جے کےایل ایف کے خواجہ لطیف نے لگایا۔