سول ایوی ایشن کا اجلاس، کورونا کی روک تھام کیلئے اہم فیصلے

February 27, 2020

کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں کورونا کی روک تھام کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ تمام ایئرلائنز کو روانگی سے قبل مسافروں کو سرجیکل، ماسک اور دستانے دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مسافروں کا ڈیلی ٹریولنگ ڈیٹا مرتب بھی کرنے کی ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی۔

سول ایوی ایشن کے اجلاس میںمتعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ ایئرپورٹس پر ہیلتھ کاؤنٹرز میں تھرمل اسکینرز بھی بڑھائے جائیں جبکہ یومیہ بنیاد پر ایئرپورٹ بلڈنگز میں فیومیگیشن کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کاؤنٹرز پر موجود پیرامیڈیکل اسٹاف کی موجودگی کو بھی مانیٹر کیا جائےگا جبکہ تمام ایئرلائنز اور ایئرپورٹ عملے کو کورونا وائرس سے بچاؤ سے متعلق بریفنگ دی جائیگی۔

سول ایوی ایشن کے اجلاس میںعملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسافروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاہم فاصلہ رکھ کر کام کیا جائے، جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ مسافر کی نشاندہی پر اسٹاف سرجیکل ماسک لازمی استعمال کریں۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جناح ٹرمینل پر مختلف مقامات پر جراثیم کش لوشن اور ماسک رکھے جائیں گے، جبکہ ٹرمینل بلڈنگز میں وافر تعداد میں واٹر ڈسپنسر بھی رکھے جائیں گے۔

سول ایو ی ایشن نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کو چھوڑنے کے لیے کم لوگ ایئرپورٹس آئیں۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا ہے کہ پرواز کے آنے کے بعد فضائی میزبانوں کو بھی کراس چیک کرنے کی ہدایات دی گئیں ہیں اور ایئرپورٹس کے قرب و جوار میں موجود ہوٹلز، ریسٹورنٹس مالکان کو بھی معلومات دی جائیں اس کے علاوہ ایئرپورٹس منیجرز روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کریں گے، یہ رپورٹ ایئرپورٹس سروسز، ریگولیٹری کے ڈپٹی ڈی جیز اور ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کو دی جائے۔

سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ سی اے اے اجلاس میں ہونے والے فیصلے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر نافذالعمل ہوں گے۔