PSL ترانہ کب ریلیز ہوگا؟ علی ظفر نے بتادیا

February 29, 2020


شائقین کرکٹ کے بےحد اصرار پر پی ایس ایل فائیو کا نیا ترانہ بنانے والے علی ظفر کا کہنا ہے کہ وہ اتوار کی شام کو اپنا ترانہ ریلیز کریں گے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر نے ’اپڈیٹ، ویڈیو آرہی ہے‘ کے عنوان سے اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ ڈانس ویڈیوز کا انہیں بہت زبردست ردعمل ملا ۔

علی ظفر نے ڈانس کی ویڈیوز بھیجنے والوں کے لیے کہا کہ آپ سب کے اتنے زبردست ردعمل سے ’بھائی امپریس ہوا۔‘ یعنی مداحوں سے وہ مایوس نہیں بلکہ بہت متاثر ہوئے ہیں۔

گلوکار نے بتایا کہ بڑی تعداد میں ویڈیوز موصول ہونے کی وجہ سے ان کا جی -میل اکاؤنٹ کریش ہوگیا ہے۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے لوگوں نے انہیں اپنی ڈانس پرفارمنس کی ویڈیوز بھیجیں۔

علی ظفر نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ان تمام ویڈیوز کو ایک جگہ جمع کر کے ترانے میں شامل کرنا اصل امتحان جس کے لیے ان کے اسٹوڈیو میں ویڈیو ایڈیٹرز کام میں لگے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: علی ظفر کا PSL 5 کے گانے پر تنقید کا جواب

انہوں نے کہا کہ ویڈیو بنانے کے لیے انہوں نے خود بھی دو دن شُوٹ کی، علی نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ’بھائی پچھلے تین چار دن سے سویا نہیں ہے، پوری جان ماری ہے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان سُپر لیگ کے روان سیزن کا آفیشل ترانہ ’تیار ہیں‘ شائقین کرکٹ کو متاثر کرنے میں ناکام رہا تھا اور مداحوں نے علی ظفر سے نیا ترانہ تیار کرنے کی فرمائش کی تھی۔

علی ظفر کا ترانہ بنانے کے اعلان کے بعد سے ہی مداحوں کو ان کے ترانے کا بےصبری سے انتظار تھا تاہم اب علی ظفر نے اتوار کو گانا ریلیز کرنے کی نوید سنائی ہے۔