پاکستان سپر لیگ کے پہلے، دوسرے اور تیسرے ایڈیشن کے لئے کامیاب ترانے دینے والے پاکستان کے معروف اداکار و گلوکار علی ظفر نے تنقید کرنے والوں کو مفید مشورہ دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ ’زندگی میں کوئی بھی مسئلہ ہو ، بھائی حاضر ہے۔‘
ویڈیو کے آغاز میں علی ظفر کا کہنا تھا کہ اگر آپ کی زندگی میں کوئی بھی مسئلہ ہو، چاہے وہ کوئی بھی سماجی ، ازدواجی ، کاروباری ہی کیوں نہ ہو اس کے ذمہ دار آپ بلکل نہیں ہیں بلکہ میں ہوں ۔کیونکہ میں اتنا طاقتور ہوں کہ میرے لئے تو بڑے بڑے بلاگرز کام کرتے ہیں۔
اپنی طاقت کا عوام میں مقبولیت کا بتاتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ ’ٹرمپ کو کس نے منتخب کروایا، آپ کے بھائی نے ۔
قابل ِ ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل کے رواں سیزن کا ترانہ گانے والے علی عظمت نے ایک شو میں شرکت کی جس میں میزبان نے اُن سے ترانے ’تیار ہیں‘ پر آنے والے ردعمل کے بارے میں پوچھا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گانے کے ردعمل میں دو چار چیزیں ملوث تھیں، حریف فنکاروں نے بلاگر ز کو پیسے دے کر تنازعہ کھڑا کردیا تھا۔
انہیں تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو علی ظفر نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے کمرے میں میری تصویر فریم کروا کر لگائیں اور روزانہ اسے ٹھاہ ٹھاہ کریں ، دل ہلکا ہوگا اور غصہ بھی کم ہوگا۔
انہوں نے تنقید کرنے والوں کو یہ آفر بھی دی کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ اس تصویر کی جگہ میں خود آکر کھڑا ہوجاؤں تو اس کے لیے بھی بھائی حاضر ہے۔
علی ظفر کی بات جاری ہی تھی کہ ان کی آواز میں گایا گیا مقبول ترین پی ایس ایل کا ترانہ ’سیٹی بجے گی‘ بجنا شروع ہوجاتا ہے جسے وہ غصہ کرکے بند کروا دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں گزشتہ روز منعقد ہونے والی پی ایس ایل فائیو کی افتتاحی تقریب سے شائقین کرکٹ زیادہ محظوظ نہ ہوسکے اور سُپر اسٹار علی ظفر کو یاد کرنے لگے تھے۔
ایسا ہی معاملہ اس سے قبل پی ایس ایل کے رواں سیزن کے ترانے کی ریلز کے وقت بھی سامنے آیا تھا۔