• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’تیار ہیں‘ بنانے والوں کا فین ہوں: علی ظفر


پی ایس ایل کے لیے ترانہ جلد ریلیز کرنے کا ارادہ رکھنے والے معروف گلوکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ پاکستان سُپر لیگ فائیو کا آفیشل ترانہ ’تیار ہیں ‘ بنانے والے تمام فنکاروں کا فین ہوں۔

یاد رہے کہ آفیشل ترانہ ’ تیار ہیں‘ پاکستان کے 4 نامور گلوکار عارف لوہار، عاصم اظہر، علی عظمت اور ہارون رشید نے گایا ہے، جو شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہا ہے۔

جیونیوز کے پروگرام ’جشن کرکٹ‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ علی عظمت میرے دوست ہیں اور اس ملک کے اسٹار ہیں جو انداز وبیان منفرد رکھتے ہیں۔

’تیار ہیں‘ پر ذاتی رائے کا اظہار کرتے ہوئے علی ظفر نے بڑا محتاط جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ترانہ اچھا تھا، کسی کو اچھا لگتا ہے کسی کو بُرا لگتا ہے۔‘

پروگرام کے دوران انہوں نے پی ایس ایل کے ترانے کی تنقید کے جواب میں کئے گئے ٹوئٹ کا بھی تذکرہ کیا۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے پی ایس ایل سیزن فائیو کے ترانے کی حمایت کی تھی اور کہا تھا کہ’جس طرح آپ لوگ مجھے پیار دے رہے ہیں اِسی طرح دیگر فنکاروں کے کام اور کوششوں کو بھی سراہیں، ہم سب ایک خاندان ہیں۔‘

چند گھنٹوں میں ایک ترانہ تیار کرنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ وہ کسی بھی موضوع پر پندرہ سے بیس منٹ پر کچھ نہ کچھ لکھ سکتے ہیں، بات ساری آمد کی ہوتی ہے کبھی آمد جلدی ہوجاتی ہے کبھی ہفتوں لگ جاتے ہیں۔

پروگرام میں انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ پی ایس ایل کے تین سیزن کے ترانے اور تقاریب میں پرفارمنس کا انہیں انتہائی خسیس معاوضہ دیا گیا، لیکن انہوں نے یہ صرف پاکستان میں کرکٹ کی بحالی اور وطن کی محبت میں کیا۔

واضح رہے کہ گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2016 میں ’اب کھیل کے دکھا‘ گایا تھا۔

پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2017 میں’اب کھیل جمے گا‘ گایا تھا جبکہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2018 میں ’دل سے جان لگا دے‘ گایا تھا۔

علی ظفر کے ترانے ’اب کھیل جمے گا‘ نے مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑ دیئے تھے۔

تازہ ترین