پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض صحتیاب ہوگیا

March 06, 2020

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا مریض صحتیاب ہوگیا

‏پاکستان میں تشخیص ہونے والا کورونا وائرس کا پہلا مریض صحتیاب ہوگیا۔ کورونا وائرس کا شکار ہونے والا کراچی کا 22 سالہ نوجوان بھی ایران سے واپس آیا تھا۔

سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ اُنہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کا پہلا مریض صحتیاب ہوگیا ہے اور اب اس کا ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔

مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے اسپتال سے فارغ کرنے کی اجازت دے دی ہے، نوجوان کو کل اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا۔

دوسری جانب ترجمان محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا پہلا مریض یحییٰ جعفری صحتیاب ہوگیا ہے۔ نوجوان میں 10 روز قبل کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نوجوان کے 3 بار کورونا وائرس کی تصدیق کے ٹیسٹ ہوئے، 48 گھنٹوں کے دوران بیماری کی کوئی علامات سامنے نہیں آئیں۔ آج دوبارہ ٹیسٹ منفی آنے پر مریض کو گھر بھیج دیاجائے گا۔

کورونا وائرس سے متعلق خبروں کی مکمل کوریج

وزیراعلیٰ سندھ نے صحتیاب نوجوان اور اس کی فیملی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری بڑی کامیابی ہے، میں اپنی پوری ٹیم کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جن میں تین کا تعلق سندھ، دو کا وفاق اور ایک کا گلگت بلتستان سے ہے، سندھ سے تعلق رکھنے ایک مریض کی صحتیابی کے بعد اس وقت بھی ملک میں پانچ مریض زیرعلاج ہیں۔