نیب کو ختم ہونا ہوگا، خواجہ سعد رفیق

March 19, 2020

نیب کو ختم ہونا ہوگا، خواجہ سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو ختم ہونا چاہیے، اسے ختم ہونا ہوگا۔

ڈسٹرکٹ جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد اپنے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے نیب کو آڑھے ہاتھوں لیا۔

سابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ نیب جیسے قانون کو ختم ہونا چاہیے، نیب کو ختم ہونا ہوگا۔

خواجہ سعد رفیق نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت میں جیلیں سیاسی قیدیوں سے بھری ہوئی ہیں۔

لیگی رہنما نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بہت سے سرکاری افسران اس لیے جیل میں ہیں کیونکہ وہ ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ نہیں بنے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج میر شکیل الرحمٰن کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، ان کا جرم کیا تھا؟ انہوں نے تو کلمہ حق کہا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی والوں اور ہم نے جیل میں جو صعوبتیں کاٹیں، نہیں چاہتے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بھی ایسا ہو۔

خواجہ سعد رفیق نے زور دے کر کہا کہ نیب اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے نیب کو ختم ہونا چاہیے۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ڈسٹرکٹ جیل سے رہا ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ منگل کے روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے پیرا گون ہاؤسنگ اسکیم کے نیب کیس میں لاہور ہائی کورٹ کا ضمانت منسوخی کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے 30، 30 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض خواجہ برادران کی ضمانت منظور کر لی تھی۔