بلوچستان، ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ویکسینیشن بند

March 20, 2020

کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر بلوچستان میں پولیو کے مستقل ٹرانزٹ پوائنٹس پر ویکسینیشن بندکردی گئی، جبکہ صوبے کے 20اضلاع میں انسداد پولیو مہم اختتام پذیر ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں 37 ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی جارہی تھی،جن میں ہوائی اور بس اڈے سمیت ریلوے اسٹیشن شامل تھے۔

ٹرانزٹ پوائنٹس میں ایران، افغانستان اور دیگر صوبوں کے ساتھ مختلف سرحدی مقامات بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب بلوچستان میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کا کہنا ہے کہ صوبے کے 20اضلاع میں جاری انسداد پولیو مہم اختتام پذیر ہوگئی ہے۔

ای اوسی کے مطابق انسداد پولیو کی 4روزہ مہم کے دوران ویکسینیشن کا 94 فیصد ہدف حاصل کرلیا گیا ہے، مہم کے دوران 12لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسینیشن کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔