کورونا وائرس سے شرح اموات 4.81 فیصد ہے، عالمی ادارہ صحت

March 20, 2020

عالمی ادارہ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا میں اس وقت کورونا وائرس سے شرح اموات 4.81 فیصد ہے، کنٹری ڈائریکٹرپالیتھا ماہیپالا کہتے ہیں کہ پاکستان میں اب تک مصدقہ کورونا کیسز 461 ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے میں مشتبہ کیسز کی تعداد ایک ہزار 364 ہے۔

اسلام آباد میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے کنٹری ڈائریکٹر پالیتھا ماہی پالا نے بتایا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 2 لاکھ 9 ہزار 89 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ جبکہ اب تک 8 ہزار 778 افراد موت کا شکار ہوئے۔ پاکستان میں اب تک 461 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں 1 ہزار 300سے زائد مشتبہ افراد کے ٹیسٹ بھی کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے شرح اموات 4.81 فیصد ہے، پاکستان میں اب تک 461 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں 1 ہزار 300 سے زائد مشتبہ افراد کے ٹیسٹ بھی کیے گئے۔

کنٹری ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ کسی کو نزلہ زکام یا سانس لینے میں دشواری ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے چیک اپ کرانا چاہیے۔

پالیتھا ماہی پالا کا کہنا تھا کہ اگر آپ کو بیماری کا شبہ ہے تو گھر سے باہر نہ جائیں اگر نزلہ جیسی شکایت ہو تو گھر والوں سے بھی فاصلہ اختیار کر لیں سانس لینے میں دشواری ہو تو فوری ڈاکٹر کے پاس جائیں۔

کنٹری ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او نے بتایا اس وقت پاکستان میں 13 لیبارٹریز کورونا کے حوالے سے کام کر رہی ہیں حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں شہریوں سے اپیل ہے کہ حفاظتی ہدایات پر عمل درآمد کریں، یہ علاج سے بہتر ہے۔