ؕکورونا وائرس، اقوام متحدہ کا عالمی جنگ بندی کی اپیل

March 25, 2020

نیویارک (جنگ نیوز) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کورونا وائرس کے پیش نظر عالمی سطح پر جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت مسلح تنازع کو لاک ڈاؤن کرنے اور اپنی توجہ ہماری زندگیوں کے لیے حقیقی خطرے سے لڑنے کا ہے۔ ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری دنیا کو مشترکہ دشمن (کورونا وائرس) کا سامنا ہے جو کسی قومیت، لسانیت، فرقے یا مذہب کو نہیں دیکھتا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’جب دنیا میں مسلح تنازع میں اضافہ ہوتا ہے تو خواتین، بچوں، معذور افراد اور نقل مکانی کرنے والوں کو سب سے زیادہ قیمت ادا کرنی پڑتی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ان لوگوں میں کورونا وائرس سے ہونے والے نقصانات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ جنگ زدہ علاقوں میں صحت کا نظام تباہ ہوچکا ہے۔ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ ’صحت کے ماہرین جو پہلے ہی بہت تھوڑی تعداد میں ہیں، کو اکثر ہدف بنایا جاتا ہے، پناہ گزین اور تشدد کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو اس وقت سب سے زیادہ خطرہ ہے، وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اس بات کو واضح کرتی ہے کہ جنگ کتنی بڑی حماقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ ہم اپنے مسلح تنازع کو لاک ڈاؤن کریں اور ہماری جانوں کے حقیقی دشمن پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے جنگ لڑنے والے ممالک سے کہا کہ ’دشمنی سے پیچھا چھڑائیں، عدم اعتماد اور عداوت کو ایک طرف رکھیں، بندوق توپ کو خاموش کریں، فضائی حملے ختم کریں، یہ بہت اہم وقت ہے جان بچانے والی امداد کی راہیں کھولنے کا، سفارتکاری کے قیمتی دروازے کھولنے کا اور خطرے کا شکار افراد میں امید جگانے کا ‘۔