بلوچستان میں کورونا کا پھیلاؤ، چینی ماڈل اپنانے کا منصوبہ

March 26, 2020

بلوچستان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھا م اور اس کے پھیلاؤ کی صورت میں شارٹ ٹرم، مڈٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میںکورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے چین اور جنوبی کوریا کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے سول اور عسکری ادارے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کی زیر صدارت منعقد ہونے والے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور اس کی روک تھام کے لئے جاری اور مجوزہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنے کے لئے دیرپا بنیادوں پر مشتمل اسٹریٹجی پر بھی غور کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ڈاکٹر اور طبی عملہ وائرس کی روک تھام کے لئے فرنٹ لائن پر ہے، لہٰذا ان کے تحفظ کے لئے حفاظتی کٹس کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں کے ٹیسٹ کرانے کے ساتھ ساتھ قانون کے مطابق پے رول اور جرمانے کی ادائیگی پر ان کی رہائی کا بھی جائزہ لیتے ہوئے محکمہ داخلہ کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

کوئٹہ اور دیگر اضلاع میں اشیائے خوردونوش کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے فوڈ سیکورٹی ٹاسک فورس قائم کرکے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔

اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ماہرین طب اور ڈبلیو ایچ او کے ایکسپرٹ پر مشتمل ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ہزارہ ٹاؤن اور مری آباد میں آمدورفت محدود کرنے اور وہاں ٹیسٹنگ کی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔