عالمی ادارہ صحت نے اولمپکس کا التوا ضروری قرار دیاتھا،تھامس باخ

March 26, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) رواں سال ہونے والے ٹوکیو اولمپکس گیمز کے التواء کے لئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائز یشن نے بھی انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی سے رابطہ کیا تھا، آئی او سی کے صدر تھامس باخ نے بدھ کو انکشاف کیا ہے کہ عالمی ادارے صحت نے رابطہ کر کے کہا تھا کہ ان کھیلوں کے انعقاد سے کھیل کے میدان میں صورت حال اور زیادہ خطر ناک ہوجائے گی ، اولمپکس گیمز کے انعقاددنیا بھر میں اس وبائی مرض میں اضافے اور پھیلاؤ کی وجہ بن سکتا ہے جس کو روکنے کے لئے اولمپکس اور پیرا لمپکس گیمز کا التواء ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وارننگ بعد فوری طور پر آئی او سی کے ایگزیکٹیو بورڈ کے ارکان سے وڈیو لنک رابطہ کیا گیا جس کا واحد ایجنڈہ اولمپکس گیمز تھا جس میں تمام ارکان نےفوری طور پر جاپانی حکومتی حکام سے رابطہ کا مشورہ دیا جس کے بعد جاپانی وزیر اعظم کو تمام صورت حال سے آگاہ کیا گیا اور انہیں ارکان کی تجاویز اور رائے اور اس عالمی وبائی حالت کی سنگینی کے حوالے سے اعتماد میں لیا گیا جنہوں نے ابتداء میں تحفظات کا اظہار کیا ، دوگھنٹے کی بات چیت کے بعد ہم انہیں قائل کرنے میں کامیاب ہوگئے،ہم نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اولمپک شعلہ جاپان میں ، اپنی وابستگی کی علامت اور امید کی علامت کے طور پر قائم رہے گا۔ ہم ان علامتی وجوہات کی بناء پر ، اولمپک گیمز ٹوکیو 2020 کا نام بھی رکھیں گے۔ ہم دونوں نے امید ظاہر کی ہے کہ وبائی امراض کے اس بے مثال بحران پر قابو پانے کے لئے ، اگلے سال ، اولمپک گیمز ، ٹوکیو 2020 کے آخر میں یہ انسانیت کا جشن ہوسکتے ہیں۔ اس طرح ، اس تاریک سرنگ کے اختتام پر اولمپک شعلہ روشنی بن سکتا ہے ۔