میرشکیل کے کیس کو طوالت دیکر انصاف اور قانون کا مذاق اڑایا جارہا ہے، فاروق ستار

March 26, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ میر شکیل الرحمان کی 34سال پرانے پراپرٹی کیس میں گرفتاری، اس کو طوالت دیکر انصاف اور قانون کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ یہ آئین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، میرصاحب کے خلاف جو بھی کارروائی ہورہی ہے وہ صرف اور صرف سیاسی بنیاد پر ہورہی ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دنیا بھر میں کرونا نے اس وقت تباہی مچائی ہوئی اور ہمارے وزیراعظم اس پر کوئی مثبت حکمت عملی بنانے کے بجائے سارا زور اپنے مخالفین کے خلاف کارروائیوں پر صرف کررہے ہیں اور اس مسئلہ سے پہلو تہی کررہے ہیں۔ جنگ سے باتیں کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نیب نے جس بھونڈے انداز میں پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ کے سربراہ کے خلاف کارروائی کی ہے ملکی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور میرشکیل الرحمان کی گرفتاری سے یہ واقعہ پاکستانی میڈیا میں ایک تاریخی حیثیت اختیار کرگیا ہے۔ نیب کی جانب سے میرشکیل الرحمن کی گرفتاری نے نہ صرف انصاف اور قانون دھجیاں اڑائی ہیں بلکہ یہ بھی واضح ہوگیا ہے کہ ان کے خلاف ہونے والا ایکشن خالصتان سیاسی ایکشن ہے جو کچھ ہورہا ہے وہ سیاسی بنیادوں پر ہورہا ہے۔ نیب پہلے ہی متنازع بن چکا تھا اور میرشکیل الرحمان کی گرفتاری کے بعد رہی سہی کسر بھی اس نے پوری کردی ہے۔ سویلین جمہوری حکومت میں اس سے پہلے ایسا کبھی نہ دیکھا اور سنا گیا۔ کرونا اس وقت دنیا کا سب سے بڑا اور اہم ایشو ہے اس نے دنیا بھر میں تباہی مچا رکھی ہے لیکن یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ ہماری وفاقی حکومت اس سے پہلو تہی کیوں کررہی ہے، وزیراعظم عمران خان اس ایشو پر جس غیرذمہ داری کا ثبوت دے رہے ہیں وہ ملک کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوگا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہمارے وزیراعظم کرونا پر کوئی مثبت حکمت عملی بنائیں اور بجائے سارا زور اپنے مخالفین کے خلاف کرروائی کرنے پر دنیا کے سب سے بڑے ایشو پر صرف کریں۔