اسٹیٹ بینک اور بینک سربراہان کا اجلاس

March 26, 2020

اسٹیٹ بینک اور دیگر بینک سربراہان کے درمیان آج اجلاس ہوا جو تقریبا 2 گھنٹے تک جاری رہا ، اجلاس میں قرض لینے والوں کے لئے ریگولیٹری ریلیف پر بات ہوئی۔

بینکنگ ذرائع کے مطابق اجلاس میں قرض لینے والوں کو سود اور اصل کی ادائیگی میں ریلیف فراہم کرنے اور ا س سلسلے میں ریگولیٹری ضروریات نرم کرنے پر تبادلہ خیال ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران کیپٹل کنورشن بفر کی حد ایک فیصد کم کرنے، ریٹیل صارف کی حد بڑھانے، شیئر فنانسنگ پر مارجن کم کرنے کرنے، لسٹڈ کمپنیوں کی گروپ آف کمپنیز کے عوض قرض لینے کی اجازت، ٹریڈ بلز نقصان کا دورانیہ 6 ماہ سے بڑھا کر 12 ماہ کئے جانے اور بینکوں کو قرضوں اور اصل کی ری اسٹرکچرنگ کی اجازت دینے پرتبادلہ خیال ہوا۔

اجلاس کے دوران قرض کے اصل کی ادائیگی موخر کرنے کی درخواست ، شرح سود میں کمی کو یکم اپریل سے صارف کو منتقل کرنے، ڈپازٹس پر ادائیگی کی کم از کم حد کم کرنے اور سود پر چھوٹ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں بینکوں کے اوقات کار اور شرح تبادلہ پر بھی غور ہوا۔

ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک اور پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن اجلاس پر مشترکہ اعلامیہ کل جاری کیا جائے گا۔