غریب، پسماندہ اور دیہاڑی دار طبقے میں راشن تقسیم کرنے کا فیصلہ

March 27, 2020

پشاور ( وقائع نگار ) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پاکستان ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن (پی ڈی ایف) بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اس ضمن میں پی ڈی ایف نے غریب، پسماندہ اور دیہاڑی دار طبقے میں راشن تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے. یہ راشن تقریباً تین سو خاندانوں میں تقسیم کئے جائیں گے. پی ڈی ایف کرونا وائرس کے خلاف آگاہی مہم بھی چلائی گی تاکہ عوام احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس بیماری سے بچ سکیں. اس آگاہی مہم کے لیے دس ہزار پوسٹرز اور ایک ہزار بینرز پشتو اور اردو زبانوں میں چھاپے جائیں گے اور یہ پوسٹرز اور بینرز مختلف عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ کے اوپر لگائے جائیں گے تاکہ عوام کو کرونا وائرس کی روک تھام میں مدد مل سکے اور وہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اس سے بچ سکے اس آگاہی مہم کو سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر دی جائے گی. اس کے علاوہ کرونا وائرس کے روک تھام کے حوالے سے تین ہزار ماسک، پانچ سو ہینڈ سینی ٹائزرز اور صابن بھی خریدے جائیں گے. ان تمام اخراجات کے لیے پی ڈی ایف نے اپنے فنڈ سے پانچ لاکھ روپے مختص کیے ہیں جبکہ ادارے کے دیگر اراکین نے بھی اپنی عطیات جمع کی ہیں. اس موقع پر چیئرمین پی ڈی ایف محمد بلال سیٹھی کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں حکومت اور غریب عوام کی مدد کرنا ذمہ دار شہریوں کی نشانی ہے. بلال سیٹھی نے مزید کہا کہ ان حالات میں دیہاڑی دار طبقے کی ذمہ داری مخیر حضرات پر عائد ہوتی ہے۔