کراچی سے لاہور اور دیگر شہروں کے لیے لگیج ٹرین چلانے کا فیصلہ

March 28, 2020

کراچی(اعجاز احمد /اسٹاف رپورٹر) پاکستان ریلوے نے کراچی سے اندرون ملک کے لیے ’’لگیج ٹرین‘‘ چلانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے تاہم اس کے چلنے کا انحصارسامان کی بکنگ پر ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے، کراچی ڈویژن کے حکام نے کراچی سے لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں کے لیے لگیج ٹرین چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) ریلوے کراچی نثار احمد میمن نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ لگیج ٹرین میں کتنے پارسلز کی بکنگ ہوتی ہے ۔ اگر نجی شعبہ اس سے استفادہ کرنا چاہے گا اور مناسب تعداد میں پارسل بک کئے گئے تو محکمہ ریلوے کی جانب سے اتوار یا پیر کو ایک لگیج ٹرین چلائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مسافر ٹرینوں کی بندش سے ٹریک قریباً خالی ہے، جس پر معمول کی کچھ مال گاڑیاں کوئلہ، تیل اور ضروری اشیاء کراچی سے اندرون ملک لے کر جارہی ہیں، اگر لگیج ٹرین چلائی گئی تو وہ ایک سے 2دن میں لاہور اور دیگر شہروں تک پہنچ سکتی ہے۔