خیبرپختونخوا حکومت، بیرون ملک سے آنے والے تمام تارکین وطن کو چیک کرنے کا فیصلہ

March 28, 2020

پشاور(نامہ نگار) خیبر پختونخوا حکومت نے حال ہی میں بیرون ملک سے آنے والے تمام تارکین وطن کوچیک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 8ہفتوں کے دوران کسی بھی دوسرے ملک سے وطن واپس آنے والے تاریک وطن کورونا وائرس میں اضافے کی بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے،اس سلسلے میں ان افراد کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لئے واپس آنے والے تارکین وطن سے خود بھی حکومت سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اس حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس میں مسلسل اضافے کی بڑی وجہ وہ تاریک وطن ہیں جو گزشتہ 6سے 8ہفتوں کے دوران کسی بھی دوسرے ملک سے وطن واپس آئے ہیں ۔ہدایات میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے پاس ان باہر سے آنے والوں کے اعداد وشمار موجود ہیں اس لئے ان افراد سے ربطے بھی کئےجارہے ہیں تاہم ان رابطوں پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں بلکہ اپنے اور اپنے پیاروں کی حفاظت کے لئے فوری طور پر صوبائی حکومت کو اپنی موجودگی سے آگاہ کریں۔