بھارت میں کورونا وائرس کے باعث ہزاروں قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ

March 28, 2020

ممبئی(پی پی آئی)بھارت میں گنجائش سے زیادہ بھری ہوئی جیلوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر حکومت نے کئی قیدیوں کو رہا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر نے ان 11ہزار قیدیوں کی پیرول پر رہائی کا فیصلہ کیا ہے جنھیں سات سال یا اس سے کم کی سزا سنا گئی تھی۔ دوسری جانب دلی کی سخت ترین سیکیورٹی والی تہاڑ جیل سے بھی تقریباً تین ہزار قیدی رہا کیے جائیں گے۔ان میں وہ قیدی شامل ہیں جنھیں پیرول پر رہا کیا جائے گا اور وہ بھی جن کے مقدمات زیرِ سماعت ہیں جنھیں عارضی ضمانت پر رہا کیا جائے گا۔ انڈیا کی جیلوں میں گنجائش سے کہیں زیادہ قیدی موجود ہیں جس کی وجہ سے وہ وائرس کے پھیلاؤ کا مرکز بن سکتے ہیں۔ایک اندازے کے مطابق انڈیا کی تیرہ سو سے زیادہ جیلوں میں تقریباً چار لاکھ کے قریب قیدی موجود ہیں اور ان میں سے زیادہ تر تفتیش یا ٹرائل کے منتظر ہیں۔ رواں ہفتے انڈیا کی سپریم کورٹ نے ریاستوں سے کہا تھا کہ وہ ان تمام قیدیوں کی رہائی پر غور کریں جنھیں سات سال تک کی قید کی سزا سنائی گئی ہے تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے جیلوں میں رش کم کیا جا سکے۔