نان ٹیکنیکل لوگوں کی سربراہی میں کورونا پر قابو پانا ممکن نہیں‘رحمت بلوچ

March 28, 2020

کوئٹہ(این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی کے دوران محکمہ صحت کو آن بورڈ نہ لینا باعث تشویش ہے، نان ٹیکنیکل لوگوں کی سربراہی میں کورونا کی وباء پر قابو پانا تقریباً نا ممکن ہے ‘فوری طور پر ماہرین صحت کی آرا کے مطابق انسداد کورونا پالیسی تشکیل دی جائے، ڈاکٹر ز ،پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے محکمہ صحت کے عملے کو حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں ، کورونا کے مسئلے پر سیاست نہیں حکومت کی رہنمائی کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی انسداد کورونا پالیسی میں محکمہ صحت کے ماہرین آن بورڈ نظر نہیں آرہے ہیں۔ نا ن ٹیکنکل لوگوں سے فیصلے کروا کر صوبے میں کورونا کا مرض مزید پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ سندھ ،پنجاب، خیبر پختونخوا سمیت دنیا بھرمیں ڈاکٹرز اور ماہرین صحت کو اس حساس اور سنگین نوعیت کے مسئلے میں آگے رکھا گیا ہے اور انہی کی تجاویز اور مشاورت سے فیصلے کئے جارہے ہیں جس کے مثبت تنائج سامنے آئے ہیں ،ڈاکٹرز اور ماہرین صحت اس قسم کی بیماریوں کے تدارک، احتیاطی تدابیر، روک تھام کے حوالے سے تربیت یافتہ ہیں۔ صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر ماہرین صحت اور ڈاکٹر وں پر مشتمل ٹیم تشکیل دیکر انسداد کورونا پالیسی مرتب کرے، انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی صورتحال میں سب سے زیادہ فنڈز کی ضرورت محکمہ صحت کو ہے لیکن پی ڈی ایم اے کو فنڈز کا اجراء کیا جارہا ہے، کورونا سے بچاؤکی ادویات، آلات، حفاظتی سامان کی خریداری کرنا محکمہ صحت کا کام ہے، صوبے میں صحت کا شعبہ تشویشناک حد تک مفلوج ہوگیا ہے ،ہیلتھ ایمرجنسی میں محکمہ صحت کے افسران کے پاس اختیارات ہیں لیکن فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے وہ مختلف اضلاع میں کام کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کی دیکھ بحال اور علاج کرنے والے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت دیگر عملے کے پاس حفاظتی کٹس نہیں جس کی وجہ سے انکی اپنی صحت اور جان کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ ڈاکٹرز اور پیر امیڈیکل اسٹاف کو فوری طور پر حفاظتی کٹس دی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مکران اور رخشان ڈویژنز میں ایران اور افغانستان کے ساتھ بارڈرکھلا ہے جہاں پر کورونا وائرس کی اسکریننگ یاحفاظتی انتظامات ،آئسولیشن وارڈ، قرنطینہ کا کوئی بندوبست نہیں ان علاقوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات موجود ہیں حکومت فوری طور پر پنجگور، واشک ، گوادر، تربت، سمیت دیگر علاقوں میں کورونا سے بچاؤ کے لئے اقدامات کرے ، انہوں نے کہاکہ ہم اس قومی مسئلے پر سیاست یا پوائنٹ اسکورنگ کی بجائے صوبائی حکومت کی رہنمائی کرنا چاہتے ہیں تا کہ ہم اہل بلوچستان کو اس موذی مرض سے بچا سکیں ۔