ایران: کورونا سے متاثرہ پاکستانی خاتون جاں بحق

March 28, 2020

ایران میں کورونا وائرس کی شکار ہونے والی پاکستانی خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔

ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق مذکورہ خاتون مشہد سے پاکستان جانے والی بس میں سوار تھیں۔

خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ پاکستانی خاتون کی طبیعت خراب ہونے پر بس کو ایرانی علاقے میں ہی روکا گیا۔ تاہم خاتون کی طبیعت مزید بگڑ گئی، وہ جانبر نہ ہوسکیں اور انتقال کر گئیں۔

اس حوالے سے ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستانی خاتون کی میت پاک ایران سرحد پر پاکستانی حکام کے حوالے کی جائے گی۔

ایرانی حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ بس میں موجود دیگر زائرین کو اسی بس میں پاکستان کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔