سعودی شہروں پر میزائل حملے، پاکستان کی شدید مذمت

March 29, 2020

پاکستان نے سعودی عرب کے شہروں ریاض اور جیزان پر میزائل حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے شہروں پر میزائل حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ایسے وقت میں شہری آبادی پر میزائل حملے کیے گئے جب وہ وبا کا سامنا کر رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی دفاعی افواج کا بروقت میزائل حملوں کو روکنا قابلِ ستائش ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے اور پاکستان کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے سعودی عرب کی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے بھی سعودی عرب میں حوثی باغیوں کے میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

او آئی سی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد یوسف کا کہنا ہے کہ میزائل حملہ دہشت گردی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایسی کارروائیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کورونا وائرس سے مقابلہ کر رہی ہے اور حوثی باغی دہشت گرد کارروائی میں مصروف ہیں۔