آرچی کو امریکا میں خطرہ ہے، میگھن برطانیہ لوٹ جائے: والد میگھن

March 30, 2020

’شاہی حیثیت‘ سے دستبردار ہونے والا برطانوی شاہی جوڑا شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل آج کل لاس اینجلس میں ہیں، جہاں میگھن کے والد تھامس ہیری اور میگھن کے ساتھ ساتھ نواسے آرچی کے لیے بھی فکرمند ہیں۔

میگھن مارکل کے والد آئے روز بیٹی کی مخالفت میں دیئے جانے والے بیانات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں، حال ہی میں کورونا کی بڑھتی ہوئی وبا کے حوالے سے ان کا ایک بیان سامنے آیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کو دئیے ایک انٹرویو میں 75 سالہ تھامس مارکل نے نواسے آرچی کے لیے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے خدشہ ہے کہ شیر خوار آرچی بھی اس وبائی مرض میں مبتلا نہ ہوجائے۔‘

یہ بھی دیکھئے:شہزادہ ہیری کو اپنی سیکورٹی کا خرچہ برداشت کرنا ہوگا، امریکی صدر

تھامس مارکل نے بیٹی میگھن کے حوالے سے بھی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن کو شاہی محل واپس جانا چاہئے اور ملکہ ایلزبتھ کا ساتھ دینا چاہئے۔

انہوں نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیری اور میگھن کو برطانیہ میں ہونا چاہئے لاس اینجلس میں نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ کیلیفورنیا میں میگھن کے کورونا وائرس کا شکار ہونے سے پریشان ہیں کیوں کہ امریکا دنیا کا تیسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک بن گیا ہے۔

انہوں نے جوڑے کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ ہیری اور میگھن کو ’سیلیبریٹی‘ ہونے کی وجہ سے پیسہ کمانے میں تو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا لیکن ان کا شاہی لقب انہیں زیادہ عزت دلواسکتے ہیں۔