لوئر دیر، ہاسٹل رضاکارانہ قرنطینہ کیلئے وقف

March 30, 2020

خیبر پختونخواہ کے ضلع لوئر دیر کے نوجوان صہیب احمد نے ہاسٹل کی عمارت کو قرنطینہ سینٹر میں تبدیل کرنے کی پیشکش کردی۔

پاکستان میں تیزی سے پھیلتے جان لیوا کورونا وائرس کے خلاف معروف شخصیات سمیت مخیر حضرات بھی اپنی خدمات پیش کررہے ہیں۔

لوئر دیر کے درمان اسٹوڈنٹ ہاسٹل کے مالک صہیب احمد نے 50 کمروں پر مشتمل ہاسٹل کی عمارت قرنطینہ سینٹر کے لیے وقف کردی۔

صہیب کے مطابق ہاسٹل کے ہر کمرے کا الگ واش روم ہے، تیمر گرہ میں تعمیر شدہ اس عمارت کو انہوں نے قرنطینہ سینٹر کے لیے دینے کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد صارفین صہیب کو ان کے اس اقدام پر بے حد سراہ رہے ہیں۔

لوئر دیر کے اسسٹنٹ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ہاسٹل کا دورہ کیا اور انتظامات پر مطمئن رہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سمیت ڈی ایچ او بھی جلد ہی ان کے ہاسٹل کا دورہ کریں گے اور حتمی فیصلہ کریں گے۔