کورونا کے باعث ومبلڈن بھی منسوخ ہونے کا امکان

March 31, 2020


عالمی وبا کورونا وائرس کے بادل کھیلوں کے میدان کو مسلسل ویران کر رہے ہیں۔ اس بیماری کی وجہ سے کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے بھی محفوظ نہیں ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ومبلڈن بھی منسوخ ہوسکتا ہے۔

جرمن ٹینس فیڈریشن کے صدر کا کہنا ہےکہ ایونٹ کی منسوخی کا اعلان اس ہفتے ہو سکتا ہے، منتظمین ومبلڈن کو بند دروازوں میں منعقد کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔

ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ انتیس جون سے شیڈول ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق حکام کی ہنگامی میٹنگ بدھ کو ہوگی جس میں ومبلڈن کے منعقد ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس سے قبل ومبلڈن 1915 سے 1918کے درمیان پہلی جنگ عظیم اور 1940سے 1945 تک دوسری جنگ عظیم کے دوران منعقد نہیں کیا گیا تھا۔