لاک ڈائون، محکمہ ایکسائز کیلئے ٹیکس ہدف کا حصول ناممکن

March 31, 2020

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے ) کورونا وائرس کی وباکے پھیلائو کے خدشہ کے پیش نظر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو مارچ کیلئے پراپرٹی ٹیکس کا ہدف کا حصول ممکن نہیں رہا ، پراپرٹی ٹیکس سمیت دیگر تمام ٹیکسز کا حصول ممکن نہیں رہا ہے ، ایکسائز ذرائع کے مطابق مارچ میں ڈیفالٹرز کو چالان بھجوا دیئے گئے تھے مگر لاک ڈائون کے دوران تقریباً تمام ٹیکس ریکوری رک گئی ہے ، 29فروری تک محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن بھر سے رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پراپرٹی ٹیکس، موٹر ٹیکس ، ایکسائز ڈیوٹی وغیرہ کے مجموعی ہدف پونے 6ارب روپے کے مقابلے میں ساڑھے 3 ارب روپےوصول کر سکا تھا ، اس طرح 29 فروری تک مجموعی ہدف کا 61فیصد وصول کیا گیا تھا۔ پراپرٹی ٹیکس کی 68فیصد وصولی کی گئی جو دیگر ہیڈز کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ ایکسائز حکام کا کہنا تھا کہ بینک سے چالان آنے کے بعد ہی پتہ چل سکے گا کہ اس ماہ کے دوران کس قدر شہریوں نے ٹیکس جمع کروایا ہے۔