پاکستانی کرکٹرز کی ٹریننگ کا ڈیٹا بورڈ محفوظ کرنے لگا

April 01, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم انتظامیہ نے تمام سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کو ایک جدید ڈیجیٹل گھڑی دی ہے جس کے ذریعے کرکٹرز کی فٹنس کا جانچا جارہا ہے۔ اس گھڑی کو استعمال کرنے کے لئے ایک آئی ڈی بنائی گئی ہے جس کے ذریعے کوچز ، ٹرینر اور فزیو کو پتہ چل جاتا ہے کہ کون سا کھلاڑی کتنی ٹریننگ کررہا ہے۔ اس گھڑی کے ذریعے کھلاڑی جہاں بھی ٹریننگ کرے، اس کی ہارٹ بیٹ، کیلوریز ، ورک لوڈ اور پورا ڈیٹا کمپیوٹر میں محفوظ ہوجاتا ہے۔ مصباح الحق کہتے ہیں کہ پی سی بی نے جو این او سی پالیسی بنائی ہے اس کے لئے ہم اس گھڑی کی مدد لیں گے۔ اگر کسی کھلاڑی کو این او سی دی جائے گی تو اس کی ٹیم کو ورک لوڈ سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے ۔ ہم نے چار لیگز کے لئے جو پالیسی بنائی ہے اس کے لئے کھلاڑیوں کی فٹنس کو دیکھا جائے گا۔کھلاڑی کہیں بھی ٹریننگ کرتا ہے اس کا سارا ریکارڈپاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ کے پاس آجاتا ہے۔ اس طرح کرکٹرز کے ہرلمحے کی مصروفیات بورڈ ریکارڈ میں محفوظ ہوجائے گی۔