سونیا حسین کی منفرد انداز میں ہاتھ دھونے کی ویڈیو وائرل

April 02, 2020


معروف اداکارہ سونیا حسین نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے منفرد انداز میں ہاتھ دھونے کی ویڈیو ناصرف سوشل میڈیا پر شیئر کردی بلکہ یہ چیلنج اپنے دیگر فنکار دوستوں کو بھی دے دیا۔

دو روز قبل پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ سونیا حسین نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ انوکھے انداز میں کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اپنے ہاتھ دھو رہی ہیں۔


سونیا حسین کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں پس منظر میں گانا سنائی دیتا ہے اور اُس گانے پر اداکارہ ڈانس کرتی ہوئی اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح سے ناصرف پانی اور ہینڈ واش سے دھو رہی ہیں بلکہ وہ اپنے ہاتھوں کو دھونے کےلیے دانت صاف کرنے والے برش کا بھی استعمال کر رہی ہیں تاکہ اُن کے ہاتھ خطرناک جراثیم سے پاک رہیں۔

اداکارہ نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں نے یہ مشاہدہ کیا ہے کہ گھروں میں رہنا اور معاشرتی دوری اختیار کرنا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر میں سب سے بہترین ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’اِن احتیاطی تدابیر میں جو دوسری بہترین تدبیر ہے وہ یہ ہے کہ ہمیں اپنے ہاتھوں کو پانی اورصابن سے اچھی طرح باقاعدگی سے دھونا ہے۔‘

سونیا حسین نے لکھا کہ’ دوستو میں جانتی ہوں کہ آپ سب پریشان ہیں لیکن انشااللّہ یہ وقت بھی بہت جلد گُزر جائے گا۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’اِس مشکل وقت میں ہم یہ کوشش کرسکتے ہیں کہ ہم زیادہ سے زیادہ مثبت رہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ہمیں چاہیے کہ ہم سب کے ساتھ اچھا سلوک کریں۔‘

سونیا حسین نے لکھا کہ ’آئیے مضبوط بن کر اِس وبا کا خاتمہ کرنے کے لیے نکلیں۔‘

اداکارہ نے ہاتھ دھونے کا چیلنج اپنے دیگر فنکار دوستوں کو بھی دیا جن میں سمیع خان، عدنان صدیقی، علی سیٹھی اور اُشنا شاہ شامل ہیں۔

اُنہوں نے اپنی اِس پوسٹ میں دو ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے SafeHands اور TogetherAtHome۔

واضح رہے کہ اِس سے قبل پاکستان کی دو معروف اداکاراؤں منشا پاشا اور ژالے سرحدی نے ہاتھ دھونے کا چیلنج قبول کرکے اپنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں جبکہ بھارتی فلم اسٹار پریانکا چوپڑا نے بھی یہ چیلنج پورا کرکے اپنی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔