بلوچستان: حکومتی پیکیج پر حزب اختلاف سے مشاورت کا فیصلہ

April 03, 2020

بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی پیکیج کی فراہمی میں بھی تمام اضلاع اور حلقوں کے مستحقین کو یکساں اہمیت دینے اور تمام امور میں حزب اختلاف کی جماعتوں اور ان کے نمائندوں کو اعتماد میں لے کر ان کی مشاورت بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اس بات کا فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل اور صوبائی حکومت میں شامل جماعتوں کے پارلیمانی قائدین صوبائی وزیر میر اسد بلوچ، صوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ اور رکن اسمبلی اصغر خان اچکزئی کی ملاقات میں کیا گیا۔

ملاقات کے دوران صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال، اس کی روک تھام کے اقدامات سمیت لاک ڈاؤن کے باعث معاشی سرگرمیوں کے محدود ہونے سے عام آدمی اور ڈیلی ویجرز کے روزگار پر پڑنے والے اثرات اور انکی معاونت کے لئے حکومتی پیکیج کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں صوبے کے تمام اضلاع میں قرنطینہ اور آئسولیشن مراکز کے منصوبوں پر عملدرآمد کو مزید تیز کرنے اور ا شیاء خور و نوش کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے فوڈسیکورٹی کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔