کورونا اور بھوک سے لوگوں کو بچانا یقینی بنانا ہے: وزیرِ اعظم

April 04, 2020


وزیرِاعظم عمران خان کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام اور بھوک سے لوگوں کو بچانا یقینی بنانا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم تعلیمی اداروں، خرید و فروخت کے بڑے مراکز، شادی ہالز اور ریستورانوں سمیت ایسے تمام مقامات بند کر چکے ہیں جہاں افراد کے جمع ہونے کا احتمال ہو۔

انہوں نے کہا کہ ان بندشوں کے تباہ کن اثرات سے بچاؤ کے لیے پہلے زرعی شعبہ کھلا رکھا گیا اور اب ہم تعمیرات کے شعبے کو کھول رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ برصغیر میں بلند شرحِ افلاس کے ساتھ ہمیں ان بندشوں میں حد درجہ توازن درکار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے اور اسے مکمل طور پر روکنے کے لیے اگرچہ بندشیں ضروری ہیں تاہم اہتمام لازم ہے کہ ان بندشوں کے باعث لوگ فاقوں سے نہ مریں، نہ ہی معیشت کا شیرازہ بکھرے۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیرِ اعظم ایک روزہ دورے پر آج لاہور جائیں گے

وزیرِ اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ فی الحقیقت ہم ایک تنی ہوئی رسی پر گامزن ہیں۔