مائنز اونرزکے وفد کی جلد وزیراعلیٰ سے ملاقات کرائی جائیگی،سردارمسعود لونی

April 06, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری برائے جنگلات و بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سردار مسعود احمد لونی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مائنز اونرز کے مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال سے آل پاکستان مائنز اونرز ایسوسی ایشن کے وفد کی براہ راست ملاقات کرائی جائے گی تاکہ تمام معاملات کو مل بیٹھ کر حل کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر آل پاکستان کول مائنز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر میر بہروز ریکی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو میں کیا۔وفد میں سابق سٹی ناظم محمد رحیم کاکڑ ، میر صلاح الدین رند ، آغا واجد ، بشیر باروزئی ، حاجی راحت ، حاجی بابو ، سردار فرمان جوگیزئی ، میر جاوید حیات ملازئی ، میرسلیم رند ، اکبر دمڑ ، میر اسماعیل مینگل ، وسیم اکبر دمڑ ، فہیم باروزئی ، ستار رند ، ادریس آغا سمیت دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پر وفد نے سردار مسعود لونی کو حکومت کی جانب سے 42 منرلز پر ٹیکسز میں ہزاروں گنا اضافے کے بعد مائنز اونرز اور اس صنعت سے وابستہ لاکھوں لوگوں کو درپیش مشکلات اور تحفظات سے آگاہ کیا۔سردار مسعود لونی نے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال سے رابطہ کرکے ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیراعلیٰ سے ملاقات کرائوں گا اور مائنز اونرز کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی، جس پر وفد نے سردار مسعود لونی کا تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔