کراچی کے 6 اسپتالوں میں آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت

April 06, 2020

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کراچی کے 6 اسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صحت سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اس دوران سید مراد علی شاہ کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کراچی کے 6 اسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو سینٹر قائم کیے جائیں۔

مراد علی شاہ نے ہدایت کی ہے کہ کراچی کے سول اسپتال میں 12، جناح اسپتال میں 15، لیاری جنرل اسپتال میں 18، ٹراما سینٹر میں 26، ڈاؤ اوجھا میں 8 اور سروسز اسپتال میں 25 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کیے جائیں جبکہ ان اسپتالوں میں مریضوں کی منتقلی شروع کر دیں، وزیراعلیٰ سندھ کی 1200 بستروں پر مشتمل ایکسپو سینٹر میں بھی مریضوں کو منتقل کرنے کی ہدایت۔

اجلاس کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے اپنے آئی سی یو وارڈز کی تیاری کی ہے تاکہ بروقت ضرورت کوئی پریشانی نہ ہو، اللّٰہ پاک کا کرم ہے کہ ہم تیاری کے حساب سے بہتر جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ڈاکٹروں اور دیگر عملے کا بھی خیال رکھنا ہے اس لیے ایکسپو سینٹر کے قریب اگر ہوٹل ہے تو ڈاکٹرز کے لیے رہائش کا بندوبست کیا جائے۔

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر 193 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ 3 اسپتالوں میں قائم ک دیا گیا ہے جبکہ 59 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ سول اسپتال میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق 65 بستروں کا جناح اسپتال اور لیاری جنرل اسپتال میں 69 بستروں پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.