تنخواہوں کی عدم ادائیگی، سول اسپتال حیدرآباد کے ملازمین کا احتجاج

April 06, 2020

سول اسپتال حیدرآباد میں پیرامیڈیکل اسٹاف نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ملازمین کو 22 ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جا رہیں، تنخواہوں کے بغیر سنگین حالات میں ڈیوٹی کررہے ہیں، متعلقہ حکام سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر تنخواہیں ادا کی جائیں۔

اس حوالے سے ایم ایس سول اسپتال حیدرآباد نے کہا کہ احتجاج کرنیوالے پیرا میڈکس کی تعیناتی کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے، اسپتال کی سابقہ انتظامیہ نے 188 ملازمین بھرتی کئے تھے۔

ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر مظہر نے مزید کہا کہ تمام 188 ملازمین کی تعیناتی خلاف ضابطہ قرار دی گئی تھی، خلاف ضابطہ قرار دیئے جانے کے بعد 188 ملازمین کوبرخاست کردیا گیا تھا۔ برخاست ملازمین میں سے 40 افراد کو ڈیلی ویجز پر تعینات کیا گیاتھا، اور ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے اسٹاف کو انکی ویج کے مطابق ادائیگی کی جا رہی ہے۔