”احساس پروگرام“میں رجسٹریشن کی شرائط پر نظرثانی کی جائے،علامہ باقر

April 07, 2020

کراچی(اسٹاف رپوٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے سنگین اثرات کے پیش نظر نادار طبقے کی مالی معاونت کے لیے حکومت کی طرف سے شروع کیے جانے والے ”احساس پروگرام“میں رجسٹریشن کی شرائط پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ غیر ضروری اور کڑی شرائط کے باعث ملک کی پسماندہ اکثریت حکومتی امداد سے محروم رہ جائے گی۔ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل فرد یا ان کے اہل خانہ کی مذکورہ پروگرام میں رجسٹرہونے کے لیے نا اہلیت شرائط میں درج ہےکسی کے پاس پاسپورٹ ہونے کو اس کے غیرمستحق یا اہل ثروت ہونے کا جواز قرار نہیں دیا جا سکتا۔اسی طرح پنشن حاصل کرنے والوں میں ایسی بیوائیں بھی شامل ہیں جو پہلے ہی کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہیں۔لاک ڈاون کے بعد اشیا ئے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ان کے گزر اوقات کو مزید اذیت ناک بنا دیا ہے۔اس کے علاوہ بعض دیگر شرائط بھی ایسی ہیں جن سے اس تاثر کو تقویت ملتی ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں سنجیدہ نہیں۔