ڈربی شائر میں پائپ لائن پھٹنے کے بعد سیکڑوں مکانات پانی سے محروم

April 08, 2020

لندن (پی اے) ڈربی شائر میں پانی کی ایک بڑی پائپ لائن پھٹنے کے بعد سیکڑوں مکانات کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ امبرگیٹ، ڈربی شائر میں بل برج ہل پر پائپ لائن برطانیہ کے معیاری وقت کے مطابق 6 بجے صبح کے فوری بعد پھٹی۔ بیلپر، رپلے اور ایلسٹری کے علاقوں میں گھروں کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ پولیس نے سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ سیون ٹرینٹ واٹر نے بتایا ہے کہ اس کے انجینئرجائے وقوع پر پھٹی ہوئی پائپ لائن کی مرمت کر رہے ہیں اور جتنی جلد ممکن ہوا پانی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔ کمپنی نے کہا کہ اسے رپورٹ ملی ہےکہ 700 مکانات کو پانی کی فراہمی بند ہو گئی ہے۔ ایک ترجمان نے کہا کہ انجینئرگھروں کو متبادل لائن کے ذریعے پانی سپلائی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس میں کتنا وقت لگے گا۔ سیون ٹرینٹ نے مزید کہا ہے کہ پائپ لائن پھٹنے سے متاثر ہونے والے تمام مکینوں سے ہم معافی چاہتے ہیں کیونکہ ہمیں پتہ ہے کہ پانی کے بغیر کتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ترجیح یہ ہے کہ جتنی جلد ممکن ہو پانی کی سپلائی بحال کر دی جائے۔