ون ڈے کرکٹ یکسانیت کی شکار، جدت لانا ضروری، وارن

April 08, 2020

برسبین (جنگ نیوز) سابق آسٹریلین کرکٹر شین وارن نے ون ڈے کرکٹ میں بھی ٹیسٹ چیمپئن شپ جیسی مسابقت لانے کی تجویز پیش کی ہے۔ عالمی ریکارڈ ہولڈر لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ ایک روزہ میچز میں یکسانیت پیدا ہوچکی ہے، دنیا میں کئی بے معنی قسم کی باہمی سیریز کھیلی جارہی ہیں۔ ان میں دلچسپی پیدا کرنے کیلئے ٹیسٹ چیمپئن شپ کی طرح کوئی جدت لانی چاہیے، میں نہیں جانتا کہ وہ پوائنٹ سسٹم ہو یا کچھ اور۔ اس کے بعد ٹیموں کی ورلڈکپ کی طرف پیشقدمی ہونی چاہیے۔ شین وارن کا کہنا تھا کہ کئی ون ڈے سیریز پانچ میچز کی ہوتی ہے، میرے خیال میں سیریز میں تین میچ کافی ہیں ۔ خیال رہے کہ رواں برس نیوزی لینڈ میں تین ون ڈے کی سیریز میں وائٹ واش کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے اس ناگواری کا اظہار کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20ورلڈکپ کے سال میں پچاس اوورز کے میچز معنی نہیں رکھتے تھے۔