جمال شاہ کی کورونا وائرس کے متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں

April 09, 2020

عالمی شہرت یافتہ اداکار اور مصور جمال شاہ نے دکھی انسانیت اور کورونا وائرس سے متاثرہ غریب مزدوروں اور فنکاروں کے لیے دارالحکومت اسلام آباد میں امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔

انہوں نے پہلے مرحلے میں اپنے سرمایہ دار دوستوں کی مدد سے 700 خاندانوں میں راشن تقسیم کیا اور پھر آن لائن فن پاروں کی نمائش کا اہتمام کیا۔ جس میں بین الاقوامی شہرت یافتہ مصوروں نے اپنے آرٹ کے شاہکار نمونے انسانیت کی خدمت کے لیے مفت دیئے ہیں تاکہ ان کی آمدنی سے کورونا وائرس سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جاسکے۔

نامود اداکار اور مصور جمال شاہ نے بتایا کہ موجودہ کٹھن اور مشکل حالات میں ہم سب نے مل کر ان خاندانوں کی مدد کرنا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر کماتے کھاتے ہیں۔ جو سب سے زیادہ پریشان ہیں۔ ان میں ہمارے غریب فنکار بھی شامل ہیں جو کسی کے سامنے اپنی مشکلات بیان کرنے سے بھی قاصر ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہم نے ’’آرٹ ایڈ‘‘ کے نام سے ادارہ بنایا ہے جو اپنی مدد آپ کے تحت کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کررہا ہے۔ اس سلسلے میں وعدے کرنے والے آپ سب کے سامنے ہے ، مگر ہم عملی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔