کراچی کی 11 یوسیز مکمل سیل کرنے کے احکامات جاری

April 11, 2020

کراچی کی 11 یوسیز مکمل سیل کرنے کے احکامات جاری

کراچی میں کورونا وائرس پھیلنے کے خطرے کے پیش نظرضلع ایسٹ کی 11یوسیز کو مکمل سیل کرنے کا حکم دے دیا گیا، کراچی کے ضلع جنوبی میں بھی کچھ علاقے سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس دوران کسی کو ان علاقوں میں آنے جانے کی اجازت نہیں ہوگی ، سیل کی جانے والی یوسیز میں گیلانی ریلوے اسٹیشن، ڈالمیا، جمالی کالونی، گلشن اقبال، پہلوان گوٹھ، گلزار ہجری، صفورہ گوٹھ، فیصل کینٹ، منظور کالونی، جیکب لائن اور جمشید کوارٹر کے علاقے شامل ہیں۔


ضلع شرقی میں سیل کی جانے والی یونین کونسلوں میں یوسی 6 گیلانی ریلوے، یوسی 7 ڈالمیا، یوسی 8 جمالی کالونی، یوسی 9 گلشن II ، یوسی 10 پہلوان گوٹھ، یوسی 12 گلزار ہجری، یوسی 13 صفورا، یوسی 14 فیصل کینٹ، یوسی 1 منظور کالونی، یوسی 9 جیکب لائن اور یوسی 10 جمشید کوارٹرز شامل ہیں۔

کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کی گیارہ یونین کونسلز کو سیل کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے، عمل درامد رات بارہ بجے سے شروع ہوگا ۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جن یوسیز کو سیل کیا جارہا ہے وہاں کیسز زیادہ ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یوسیز کو سیل اس لیے کر رہے ہیں کہ کورونا کیسز کو روکا جائے۔

ڈپٹی کشنر ایسٹ نے پولیس اور رینجرز کو احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوتی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آج کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جو ایک انتہائی تشویشناک بات ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال خراب ہو رہی ہے ۔

ویڈیو پیغام میں وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 104 کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں جو مجموعی ٹیسٹ کا 20 فیصد ہیں اور یہ دنیا کی سب سے زیادہ اوسط ہے جو کہ تشویش کا باعث ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 531 ٹیسٹ کیے جس میں 104 یعنی 20 فیصد مثبت آئے ، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 اموات بھی ہوئی ہیں جو کہ ایک زیادہ تعداد ہے۔