کورونا وائرس پر بھی بھارتی میڈیا پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں مصروف

April 11, 2020

کورونا وائرس پر بھی بھارتی میڈیا پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں مصروف

کورونا کی عالمی وبا میں بھی بھارتی میڈیا پاکستان مخالف پروپیگنڈے سے باز نہ آیا اور الزام لگایا کہ پاکستان کورونا وائرس کو بھارت کے خلاف بائیولوجیکل ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے۔

بھارتی میڈیا نے ایک مرتبہ پھر پاکستان مخلاف پروپگینڈا شروع کردیا اور اس کے لیے اس نے کورونا وائرس کو پاکستان کے خلاف اپنا ہتھیار بنالیا۔

بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ پاکستان نے نیپال کے راستے اپنے کورونا وائرس کے مریض بھارت بھیجنے کی کوشش کی تاکہ وہاں کورونا کی وبا پھیل سکے۔

بھارتی چینل ٹائمز ناؤ نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان بھارت میں کرونا وائرس کی وبا پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

چینل نے کسی بزعم خود خفیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کے کچھ متاثرین کو تربیت دی کہ وہ نیپال کی سرحد سے بھارت جائیں اور وہاں کورونا وائرس پھیلائیں۔

بھارتی چینل نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ نیپال میں کافی تعداد میں پاکستانیوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جو مساجد، مدارس اور دیگر جگہوں پر چھپے ہوئے تھے۔