گورنر نیویارک کا لاک ڈاؤن میں 15مئی تک توسیع کا اعلان

April 16, 2020

امریکی ریاست نیویارک کے گورنر ایڈریو کومو نے لاک ڈاؤن میں 15مئی تک توسیع کا اعلان کردیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ صورتحال بہتر ہونے کے باوجود وہ لاک ڈاؤن کو مزید 15مئی تک جاری رکھیں گے اور چاہتے ہیں کورونا متاثرین کی تعداد میں مزید کمی کے بعد ریاست لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے۔

ادھر امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج ریاستوں میں لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے نئی گائیڈ لائنز کااعلان کریں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق گائیڈ لائنز کا مقصد ایسا فریم ورک دینا ہے کہ گھروں میں بیٹھے امریکیوں کو عام زندگی کی طرف واپس لایا جائے۔

گائیڈلائنز پر عمل لازمی نہیں ہوگا حتمی فیصلہ گورنر ہی کریں گے کہ ریاست کو کب اور کیسے کھولا جانا ہے۔

دریں اثنا ریاستوں کے گورنرز اورکاروباری رہنماؤں نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ٹیسٹ کی کمی ملک کو دوبارہ کھولنے میں رکاوٹ پیدا کرسکتی ہے۔

امریکی محکمہ لیبر کے اعداد و شمار کے مطابق لاک ڈاؤن کے باعث امریکا میں اب تک 2 کروڑ 20 لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔

مردم شماری بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے مہینے میں گھروں کی تعمیر میں 22 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے۔