لاہور: ڈاکٹرز کا ناکافی کٹس پر احتجاج، پولیس سے تصادم

April 17, 2020

لاہور: ڈاکٹرز کا ناکافی کٹس پر احتجاج، پولیس سے تصادم

لاہور میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے ڈاکٹرز ناکافی کٹس پر احتجاج کرتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب کے دفتر میں گھس گئے۔

ڈاکٹرز روکے جانے پر پولیس اہلکاروں سے گتھم گتھا ہوگئے، اس موقع پر دونوں جانب سے زور آزمائی دیکھنے میں آئی، بعد میں معاملہ طے پانے پر ڈاکٹروں نے پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے۔

سیکریٹری صحت اور ڈاکٹرز کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے پر ڈاکٹرز نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

لاہور میں گرینڈ ہیلتھ لائنس نےگزشتہ روز سے احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے، ڈاکٹرز نے حفاظتی کٹس کی عدم فراہمی کو جواز بنا کر اپنے دیگر مطالبات بھی پیش کر دئیے۔

ان کے مطالبات میں پی آئی سی واقعے میں برطرف 4 ڈ اکٹر وں کی بحالی، کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر عارضی بھرتی ہونے والےساڑھے 4 ہزار ڈاکٹرز اور نرسز کو مستقل کرنے سمیت تمام ڈاکٹروں کو ڈبل تنخواہیں دینا شامل ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق حفاظتی کٹس ہزاروں کی تعداد میں موجود ہیں لیکن اس کی آڑ میں انہوں نے دوسرے مطالبات ہمارے سامنے رکھ دیئے ہیں،جس کا ابھی کوئی جواز نہیں بنتا۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ ان کا بڑا مطالبہ حفاظتی کٹس فراہم کرنے کا ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت نے ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث اپنا دفتر عارضی طور پر گلبرگ میں منتقل کر لیا ہے۔