عمر اکمل کو بہت سخت سزا سنائی گئی ہے، کامران اکمل

April 27, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے اپنے بھائی عمر اکمل کو تین سال کی سزا دینے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر اکمل کو بہت سخت سزا سنائی گئی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں کامران اکمل کا کہنا تھا کہ وہ انصاف کے لیے ہر پلیٹ فارم پر جائیں گے، اپیل کا حق ضرور استعمال کریں گے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ ماضی میں ایسے ہی خلاف ورزیوں پر کم سزاؤں کی مثال موجود ہے مگر عمر اکمل کو اتنی سخت سزا سنانا اُن کے لیے حیرت کا سبب ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل پر اسپاٹ فکسنگ معاملے میں 3 سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے عمر اکمل کے خلاف کیس کی سماعت نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ڈسپلنری پینل کے چیئرمین جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے کی۔

جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان نے کیس کا مختصر فیصلہ سناتے ہوئے 3 سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی۔

مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے فکسنگ کی پیشکش اور روابط کے بارے میں متعلقہ حکام کو بروقت آگاہ نہیں کیا تھا۔

بعد ازاں اینٹی کرپشن کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.4.4 کی دو بار خلاف ورزی پر عمر اکمل کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا۔